حیدرآباد: چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے ریاست کے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کام کاج کو طویل مدتی وژن [en]Telangana Rising 2047[/en] سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مخصوص عملی منصوبے تیار کریں۔
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ اسٹیٹ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں سینئر آئی اے ایس، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس عہدیداروں نے مرکزی مشن کرم یوگی ٹیم کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الکا متل، ممبر کیپیسٹی بلڈنگ کمیشن آف انڈیا نے ملک بھر کے سرکاری عملے کی تربیت اور مہارت میں اضافہ سے متعلق پروگراموں پر روشنی ڈالی۔
چیف سکریٹری نے ہدایت دی کہ ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے مشن کرم یوگی کے تحت منظم تربیتی اقدامات وضع کیے جائیں تاکہ سرکاری اسکیمات کے بہتر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں پہلے ہی ڈاکٹر ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ، تلنگانہ پولیس اکیڈمی، فاریسٹ اکیڈمی، اور ایکسائز اکیڈمی جیسے فعال تربیتی ادارے موجود ہیں جو متعلقہ محکمہ جات کے افسران و عملہ کے لیے تربیتی کورسز چلا رہے ہیں۔
محکمہ اطلاعات کی خصوصی کمشنر چ پریانکا نے بتایا کہ میڈیا اکیڈمی پرنٹ اور الیکٹرانک صحافیوں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کر چکی ہے، جب کہ اطلاعاتی ونگ کے تحت محکمہ جاتی عملہ کی صلاحیت میں اضافہ کے لیے بھی مشقیں منصوبہ بند ہیں۔
اس اجلاس میں جانوروں کی بہبود کے خصوصی چیف سکریٹری سبیاساچی گھوش، ہوم ڈپارٹمنٹ کے روی گپتا، پنچایت راج کے این سریدھر، محصولات کے ایس اے ایم رضوی، جی اے ڈی کے مہیش دت ایکا، راگھونندن راؤ، ڈی ایس لوکیش کمار، پی سی سی ایف سورنا، خواتین و اطفال بہبود کی انیتا رامچندرن، ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد، ایس ای آر پی سی ای او دیویا، اور ہاؤزنگ کے وی پی گوتم سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































