حیدرآباد:ایس آر نگر، امیر پیٹ میں واقع ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم میں جعلی کرنسی جمع کروانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، پولیس نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے [en]Fake Currency[/en] کی مد میں 5,000 روپئے جمع کروائے۔
بینک کے عملے شروَن کمار اور سائی کمار گوڑ نے معمول کے مطابق جب اے ٹی ایم سے نقدی اکٹھا کرنے کے لیے مشین کھولی تو انہیں 500 روپئے کے کئی جعلی نوٹ ملے۔ انہوں نے فوری طور پر اپنے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی اور پولیس کو بھی مطلع کیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے اے ٹی ایم کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں ایک نامعلوم شخص کو صارف کے طور پر مشین میں رقم جمع کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ شبہ ہے کہ اسی شخص نے جعلی نوٹ داخل کیے۔
بینک منیجر کی شکایت پر ایس آر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس اہلکار ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































