حیدرآباد ۔ کرناٹک پولیس نے ایک Insurance Scam کا انکشاف کرتے ہوئے ایک گینگ کو گرفتار کرلیا جس نے ایک معذور شخص کو قتل کر کے اس کی موت کو سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ گینگ کا مقصد 5 کروڑ روپئے کے انشورنس کی رقم حاصل کرنا تھا۔
پولیس کے مطابق 34 سالہ گنگادھر، جو ہوس پیٹ کا رہنے والا تھا، نے 5 کروڑ روپئے کی انشورنس پالیسی لی تھی۔ اسی کو بنیاد بنا کر ایک گینگ نے اس کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ انہوں نے گنگادھر کو قتل کیا، اس کی لاش کو ایک ٹی وی ایس اسکوٹر پر بٹھایا اور پھر ایک کار سے ٹکرا کر واقعہ کو حادثہ ظاہر کیا۔
اصل بیوی کے شک سے انکشاف ہوا گھوٹالہ
پولیس نے بتایا کہ گینگ کی ایک خاتون نے گنگادھر کی فرضی بیوی بن کر انشورنس کمپنی سے کلیم کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اصل بیوی شردامّا نے اس پر شک ظاہر کیا اور پولیس کو شکایت درج کرائی۔ اس نے کہا کہ اس کا شوہر فالج زدہ تھا اور جسم کے بائیں حصے سے مفلوج تھا، لہٰذا وہ کسی دو پہیہ گاڑی پر سوار نہیں ہوسکتا تھا۔
اس بیان کے بعد پولیس نے مکمل تحقیقات شروع کیں اور صرف 24 گھنٹوں میں پوری سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گینگ نے بڑی منصوبہ بندی کے ساتھ یہ قتل انجام دیا تھا تاکہ Insurance Scam کے ذریعے رقم حاصل کی جا سکے۔


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































