Read in English  
       
Ramchander Rao

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر Ramchander Raoنے پیر کے روز کانگریس قائدین پر شدید جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ووٹ کی چوری کا نہیں بلکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی دماغی چوری کا ہے۔ وہ میڈیا سے بات کر رہے تھے۔

رام چندر راؤ نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں مقامی ادارہ جات کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بی جے پی پسماندہ طبقات کو 46 فیصد نشستیں دینے کے لیے تیار ہے، تاہم واضح کر دیا کہ کسی بھی حال میں مسلمانوں کو بی سی کے طور پر تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

بی جے پی صدر نے کہا کہ برسر اقتدار کانگریس اپنی انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہو کر عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے گنوایا کہ انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے جیسے خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے الاؤنس، بے روزگار نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کی فراہمی، غریب خواتین کو ایک تولہ سونا اور 1 لاکھ روپئے امداد کے ساتھ تقسیم، اور بڑھائی گئی پنشن اسکیمیں آج تک پوری نہیں ہوئیں۔

رام چندر راؤ نے الزام لگایا کہ حکومت نے یہ وعدے گنگا میں بہا دیے اور عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو للکارا کہ پہلے اپنے منشور کی تکمیل کریں پھر دوسروں پر الزامات لگائیں۔

انہوں نے پیش گوئی کی کہ عوام کا کانگریس پر اعتماد ختم ہو چکا ہے اور اب بی جے پی کے اقتدار میں آنے کا وقت قریب ہے۔ رام چندر راؤ نے کہا کہ کانگریس کی کوئی ساکھ باقی نہیں رہی اور جب بھی انتخابات ہوں گے بی جے پی تلنگانہ میں حکومت ضرور بنائے گی۔