حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی صدر این Ramchander Raoنے انتباہ دیا ہے کہ یوریا کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بلا امتیاز کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ یوریا کی کمی سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں اور ہوشیار رہیں۔
جمعرات کو چیوڑلا کے سری بالاجی وینکٹیشورا سوامی مندر میں پوجا کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رام چندر راؤ نے یقین دلایا کہ مودی حکومت نے تلنگانہ کے لیے یوریا کی وافر سپلائی کو یقینی بنایا ہے اور کسانوں کو ان کی موسمی ضروریات کے مطابق اسٹاک دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں ذخیرہ اندوزی یا غیر قانونی فروخت کی کوئی شکایت ہو تو فوراً اطلاع دیں تاکہ فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹی کمی کا خوف پھیلا کر کسانوں کو گمراہ کر رہی ہے۔
اس سے قبل رام چندر راؤ نے چیوڑلا میں کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی ایک دکان کا دورہ کیا اور کسانوں سے ملاقات کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بی جے پی کارکن بھی موجود تھے۔
چیوڑلا اسمبلی حلقہ کے 24 گھنٹوں کے یاترا پروگرام کے حصے کے طور پر رام چندر راؤ کو معین آباد میں شاندار استقبال ملا۔ بی جے پی یووا مورچہ کے جنرل سکریٹری کونڈے گنیش نے جے سی بی کے ذریعے بڑی مالا پیش کر کے ان کا خیر مقدم کیا جو کارکنوں کے جوش و خروش کی علامت تھا۔
رام چندر راؤ جمعرات کی شب نانچیر گاؤں میں قیام کریں گے۔ جمعہ کو وہ آلور میں مہیلا سمیلن اور خان پور گیٹ پر یووا سمیلن میں شرکت کرتے ہوئے اپنے رابطہ عوامی پروگرام کو جاری رکھیں گے۔
