حیدرآباد: کھمم ضلع کے کوللور ٹرائیبل گرلز آشرم اسکول میں دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں Food Poisoningکا تیسرا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دس طالبات کو ہفتہ کی رات کھانے کے بعد اسپتال میں شریک کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق طالبات نے ہوسٹل میں ناشتے میں پکوڑے اور رات کے کھانے میں چاول، دال اور آلو کی ترکاری کھائی جس کے بعد انہیں پیٹ درد اور قے کی شکایت ہوئی۔ اتوار کی صبح ہوسٹل عملے نے متاثرہ طالبات کو کوللور سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اسکول پرنسپل نے تصدیق کی کہ تمام دس طالبات کا علاج کیا گیا اور اب ان کی حالت بہتر ہے۔
یہ تازہ واقعہ اس سے قبل پیش آئے دو واقعات کے بعد سامنے آیا ہے۔ 4 اگست کو ناشتے میں کھچڑی کھانے کے بعد 33 طالبات کو الٹی اور دست کی شکایت ہوئی تھی۔ اگلے ہی روز چار مزید طالبات ایڈلی کھانے کے بعد بیمار پڑ گئی تھیں۔ ان واقعات کے بعد ٹرائیبل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے ہوسٹل وارڈن کو معطل کر دیا تھا۔

کوللور سی ایچ سی کے ڈاکٹروں کے مطابق اتوار کی صبح 15 طالبات میں فوڈ پوائزننگ جیسی علامات ظاہر ہوئیں، جن میں سے 10 کو مزید معائنے کے لیے شریک کیا گیا۔ تاہم دوپہر تک تمام طالبات کو فارغ کر کے ہوسٹل واپس بھیج دیا گیا اور بقیہ 44 طالبات کی حالت کو بھی اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے۔
تحصیلدار پُلی سمبسیووڈو نے اسکول اور اسپتال کا دورہ کیا، کچن کا معائنہ کیا اور طالبات کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا تاکہ ان کا حوصلہ بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کو روانہ کی جائے گی۔ اس دوران فکر مند والدین اور طلبہ یونین قائدین نے ان بار بار کے واقعات پر اسکول انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔














































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































