حیدرآباد: دہلی کے جنتر منتر پر بدھ کے روز تلنگانہ کانگریس کی قیادت میں ایک بڑے احتجاج کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریاست میں 42 فیصد بی سی ریزرویشن BC reservation کو منظوری دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے الزام لگایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تلنگانہ اسمبلی سے منظور شدہ بل پر دستخط نہ کر کے پسماندہ طبقات کے آئینی حقوق کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
الکا لامبا نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیراعلیٰ، وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمان اور کارکنوں کی دہلی میں موجودگی کو قومی توجہ کا مرکز قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ “پارلیمنٹ سے زیادہ سیکورٹی جنتر منتر پر ہے، دہلی کو اب تلنگانہ کی آواز سے ڈر لگ رہا ہے۔”
بی سی ریزرویشن بل کو چار ماہ سے روکا گیا: الکا لامبا
الکا لامبا نے کہا کہ سونیا گاندھی اور تلنگانہ کے عوام کی قربانیوں سے نئی ریاست کا قیام ممکن ہوا، اور اب ریاستی کانگریس حکومت 500 روپۓ گیس سلنڈر، خواتین کے لیے مفت بس سفر، کسان قرض معافی اور روزگار اسکیموں جیسے فلاحی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس ذات پات کی مردم شماری کی مخالفت کر کے بی سی طبقات کا حق چھین رہے ہیں۔ ان کے مطابق، “تلنگانہ نے ملک کو دکھا دیا ہے کہ کس طرح ذات پر مبنی سروے کیا جاتا ہے۔ سروے کے مطابق ریاست میں 42 فیصد آبادی بی سی ہے، تو انہیں 42 فیصد ریزرویشن کیوں نہ دیا جائے؟”
راہول گاندھی کو سماجی انصاف کی آواز قرار دیا
انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے بی سی ریزرویشن بل کو چار ماہ سے التوا میں رکھا گیا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ الکا لامبا نے مطالبہ کیا کہ اس بل کو فوری منظوری دی جائے۔
انہوں نے راہول گاندھی کو سماجی انصاف کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ان کی بھارت جوڑو نیائے یاترا نے بی سی، دلت، قبائلی اور خواتین کے حقوق کو قومی ایجنڈا بنایا ہے۔ الکا لامبا نے کہا، “یہ جدوجہد آئینی انصاف کے لیے ہے، اور تلنگانہ نے پورے ملک کو آگے بڑھنے کا راستہ دکھا دیا ہے۔”









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































