حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) کے صدر بی مہیش کمار گوڑ نے اعلان کیا ہے کہ کانگریس بدھ کے روز دہلی کے جنتر منتر پر پسماندہ طبقات (بی سی) کے لیے 42 فیصد ریزرویشن BC Reservationکے مطالبے پر زور دار احتجاج منظم کرے گی۔ یہ دھرنا تعلیم، روزگار اور سیاست میں بی سی طبقات کی مکمل نمائندگی کے مطالبے کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
منگل کی شب جنتر منتر پر دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مہیش گوڑ نے کہا کہ یہ احتجاج پارٹی حدود سے بالاتر ہو کر کیا جا رہا ہے، تاکہ مرکز پر قانون سازی کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ انہوں نے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو بھی احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی اور زور دے کر کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس بی سی ریزرویشن کے مطالبے پر پوری طرح عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔
احتجاجی مقام کے معائنہ کے دوران وزراء پونم پربھاکر، واکیٹی سری ہری، ارکان پارلیمنٹ ملو روی، سریش شیٹکر اور گورنمنٹ وہِپ آدی سرینواس بھی موجود تھے۔ مہیش گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے ہزاروں افراد دہلی پہنچ رہے ہیں اور دھرنے کی کامیابی کا مکمل یقین ہے۔
کھڑگے کریں گے دھرنے کا افتتاح، راہول گاندھی کا خطاب متوقع
آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کے صدر ملکارجن کھڑگے بدھ کو صبح 11 بجے دھرنے کا افتتاح کریں گے، جبکہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی شام 4 بجے احتجاجی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
کانگریس قیادت نے تمام ریاستی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ صبح 10:30 بجے تک دھرنے کے مقام پر پہنچیں اور دن بھر احتجاج میں شرکت کو یقینی بنائیں۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































