حیدرآباد: پیر کی دوپہر 3:30 بجے کے بعد شہر Hyderabad Rainکے باعث سڑکیں زیرآب آگئیں اور ٹریفک مکمل طور پر مفلوج ہو گیا۔ لگاتار دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے اہم جنکشنز پر ہزاروں گاڑیوں کو پھنسا دیا۔
بارش کے دوران اپل، رامنتھاپور، ناچارم، تارناکہ، پنجہ گٹہ، خیریت آباد، سوما جی گوڑہ، لکڑی کا پل، کوکٹ پلی، یوسف گوڑہ، امیر پیٹ، میتری ونم، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، الوال، حکیم پیٹ، اور ملکاجگری جیسے علاقوں میں سڑکیں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
نالوں کے اُبلنے سے حالات مزید بگڑ گئے، جس کے بعد جی ایچ ایم سی اور ہائڈرا مانسون ایمرجنسی ٹیموں نے فوری جوابی کارروائی کا آغاز کیا۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
راج بھون کے قریب پانی جمع ہونے پر ایمرجنسی ٹیمیں نکاسی کے لیے متحرک ہوئیں۔ بنجارہ ہلز میں ایک درخت کے کار پر گرنے کے واقعے کے بعد مقامی امدادی عملہ موقع پر پہنچا اور امدادی کارروائی انجام دی۔
