حیدرآباد: فالکن ملٹی لیول مارکیٹنگ اسکامFalcon Scam میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کے روز کمپنی کی 18.14 کروڑ روپئے مالیت کی 12 غیر منقولہ جائیدادوں کو قرق کر لیا۔
فالکن گروپ کے چیئرمین امر دیپ کمار پر تلنگانہ بھر میں سرمایہ کاروں سے 792 کروڑ روپئے کا دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ ای ڈی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ جائیدادیں مبینہ فراڈ سے حاصل شدہ رقوم سے خریدی گئی تھیں۔
اس سے قبل ای ڈی نے فالکن گروپ کی جانب سے خریدے گئے Hawker 800A پرائیویٹ جیٹ کو بھی ضبط کیا تھا، جو سرمایہ کاروں سے دھوکہ دہی سے حاصل شدہ رقوم سے خریدا گیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق کمپنی نے “انوائس ڈسکاؤنٹنگ” اسکیم کے نام پر Capital Protection Force Pvt Ltd کے ذریعے سرمایہ کاروں کو بھاری منافع کا جھانسہ دیا۔ اس بہانے کمپنی نے 7,056 افراد سے تقریباً 4,215 کروڑ روپئے جمع کیے، مگر 4,065 متاثرین کو 792 کروڑ روپئے کی ادائیگی میں ناکام رہی۔
ای ڈی نے کمپنی اور اس کے چیئرمین کے خلاف مالیاتی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہے۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































