حیدرآباد: سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری اور رکن اسمبلی کُنم نینی سامباشیوا راؤ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مقامی اداروں میں 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے والے بی سی بل کو جان بوجھ کر روک رہی ہے۔
پارٹی کے ریاستی دفتر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک طرف BC Bill Telanganaکی منظوری میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، اور دوسری جانب ریاستی حکومت کو تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے بلوں کو مرکز نے چار ماہ تک روک رکھا، اور آرڈیننس کی منظوری میں بھی رکاوٹ پیدا کی۔
کنم نینی نے مرکز پر دوہرا رویہ اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صرف بی سی بل ہی نہیں، بلکہ درج فہرست اقوام کی ذیلی درجہ بندی کے معاملے میں بھی مرکزی حکومت غیر واضح موقف اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن سندور” پر تمام سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی حمایت کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔ یہاں تک کہ جب سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنگ روکی، تب بھی وزیر اعظم خاموش رہے۔ کنم نینی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کے سامنے مکمل حقائق پیش کرنے چاہییں۔
انہوں نے انحراف مخالف قانون میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ ہدایت دی ہے کہ اسپیکر کو تین ماہ کے اندر نااہلی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنا ہوگا، لیکن موجودہ قانونی شق کے تحت یہ نافذ العمل ہوگا یا نہیں، اس پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے منحرف اراکین کی فوری نااہلی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا۔
کالیشورم پراجیکٹ کی مبینہ بدعنوانی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس پی سی گھوش کی سربراہی میں قائم یک رکنی کمیشن نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی ہے، اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے بی آر ایس سے یہ وضاحت بھی طلب کی کہ آیا پارٹی واقعی بی جے پی میں ضم ہونے جا رہی ہے یا نہیں۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































