حیدرآباد: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں Power Sector Reformsکی ہدایت دیتے ہوئے ایک نئی ڈسٹریبیوشن کمپنی (ڈسکام) کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جو ریاست بھر میں حکومت کی سبسڈی پر مبنی بجلی اسکیمات کی نگرانی کرے گی۔
موجودہ شمالی (NPDCL) اور جنوبی (SPDCL) بجلی کمپنیوں کے ساتھ ایک تیسری ڈسکام قائم کی جائے گی، جو زرعی مفت بجلی، گھریلو 200 یونٹ ’گروہ جوتھی‘ اسکیم، اور اسکولوں و کالجوں کو دی جانے والی مفت بجلی کی سربراہی کی ذمہ دار ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ نئی کمپنی ریاست گیر سطح پر ایک واحد یونٹ کے طور پر کام کرے، تاکہ کارکردگی میں بہتری اور قومی درجہ بندیوں میں ترقی حاصل ہو۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ NPDCL اور SPDCL تجارتی آپریشنز کی نگرانی جاری رکھیں گے، جبکہ نئی ڈسکام صرف سبسڈی والی بجلی کی تقسیم تک محدود رہے گی۔ اس قدم سے مالی شفافیت میں بہتری آئے گی اور سبسڈی کا نظم زیادہ مؤثر انداز میں کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بجلی کے شعبے پر موجود قرض کے بوجھ کو کم کرنے اور موجودہ قرضوں پر شرح سود کو 10 فیصد سے گھٹا کر 6 فیصد کرنے کی منصوبہ بندی کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
جوبلی ہلز میں توانائی محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ تمام سرکاری اداروں، اسکولوں، کالجوں اور دفاتر میں جلد از جلد سولر پاور کا نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ ہر ضلع میں چھتوں پر سولر پینل لگانے کے لیے موزوں عمارتوں کی نشاندہی کی جائے۔
ریاستی سیکریٹریٹ میں فوری سولر سسٹم اور سولر باڑھ نصب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ گرمیوں میں پارکنگ کی جگہ کو مسئلہ بننے سے روکنے کے لیے سولر شیڈز کے ساتھ دوہری استعمال والے پناہ گاہیں بنائی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے ’اندرا سولار گرجنا جل وکاسم‘ اسکیم کو قبائلی علاقوں میں تیز رفتاری سے نافذ کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ تین برسوں میں 2.1 لاکھ درج فہرست قبائلی کسانوں کو 6 لاکھ ایکڑ اراضی پر سولر پمپ سیٹ فراہم کیے جائیں گے۔
اس جائزہ اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، پرنسپل سکریٹری (توانائی) نوین متل، سی ایم کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، GENCO کے سی ایم ڈی ہریش، SPDCL کے مشرف، NPDCL کے ورون ریڈی، سنگارینی کے بالرام، اور REDCO کے وی سی و ایم ڈی انیل سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































