حیدرآباد: وزیراعلیٰ Revanth Reddyآج توانائی محکمہ کے اہم امور پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں بلنگ اصلاحات، میٹرنگ اور انتظامی شفافیت سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجوزہ “تلنگانہ اسٹیٹ لفٹس اینڈ ایسکی لیٹرز ایکٹ 2025” پر بھی بحث متوقع ہے، جس میں لفٹوں اور عمودی ٹرانسپورٹ نظام کے لیے سلامتی، ریگولیشن اور لائسنسنگ کے اصول شامل کیے گئے ہیں۔ یہ مسودہ اگرچہ سرکولیٹ کیا گیا ہے، مگر اسے تاحال باضابطہ طور پر ایوان میں پیش نہیں کیا گیا۔
توانائی شعبے میں ایک اور متنازعہ مسئلہ—جی ای این سی او میں سیول ڈائریکٹر اجے کی تقرری بغیر سرکاری احکام کے—بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ اجلاس میں ان کی موجودگی اور تقرری کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
گھریلو صارفین پر اوسطاً 5,000 روپئے کا بوجھ ڈالنے والے نئے الیکٹرانک میٹروں کی تنصیب کا تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ صارفین کے حقوق کی تنظیمیں اور کسان یونینیں اس تجویز کی مخالفت کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوگا تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو سہل بنایا جا سکے اور بلنگ میں شفافیت آئے۔ اس کے علاوہ مرکز کے “بھارت پے” پلیٹ فارم کے ساتھ برقی بل کی ادائیگی کے انضمام پر بھی بات ہوگی۔
حکومتی دفاتر میں نصب شدہ پری پیڈ میٹروں کی مؤثریت اور بلنگ میں بے قاعدگیوں کے بعد ان کے از سر نو جائزے کی بھی توقع ہے۔
اجلاس میں 200 یونٹ مفت بجلی اسکیم کے غلط استعمال پر کارروائی پر بھی گفتگو ہوگی۔ ایسے گھروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے جو غیر قانونی طریقوں سے بجلی کھینچ رہے ہیں یا میٹر سے چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں۔
اجلاس میں جینکو اور ڈسکام اداروں سے ہر ماہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا میکانزم بنانے پر زور دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی تمام برقی اداروں سے ماہانہ بنیاد پر جوابدہی کا نظام نافذ کرنے کے خواہاں ہیں۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































