حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کے وہیپس آدی سرینواس اور بیرلا الیّا نے بی آر ایس ایم ایل سی کویتا کے مجوزہ BC Quotaبھوک ہڑتال کو سیاسی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں اور بی جے پی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتیں۔
منگل کے روز جاری کردہ ویڈیو بیان میں آدی سرینواس نے سوال اٹھایا کہ کویتا کو احتجاج کا کیا اختیار حاصل ہے اور اگر وہ واقعی پسماندہ طبقات کے لیے سنجیدہ ہیں تو انہیں اپنے بھائی کے ٹی راما راؤ کے ساتھ دہلی جا کر بی جے پی حکومت کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض توجہ ہٹانے کا ڈرامہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس زیر قیادت ریاستی حکومت پہلے ہی اسمبلی میں بی سی ریزرویشن بل منظور کر چکی ہے اور گورنر کو آرڈیننس بھیج کر اپنی سنجیدگی ثابت کر چکی ہے۔
بیرلا الیّا نے بھی کویتا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس نے اپنے 10 سالہ اقتدار میں بی سی طبقات کو مسلسل نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کویتا واقعی مخلص ہیں تو انہیں بھی دہلی میں بھوک ہڑتال کرنی چاہیے جیسا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دونوں وہیپس نے کویتا کے احتجاج کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب “کلواکنٹلا ڈراموں” کا تلنگانہ کی عوام پر کوئی اثر نہیں رہا۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































