حیدرآباد: رنگا ریڈی ضلع کے کوتھور منڈل میں ایک 21 سالہ خاتون کو اُس کے چھوٹے بھائی نے گلا گھونٹ کر قتل Brother Kills Sisterکر دیا۔ واقعہ پینجرلہ گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب بھائی نے بہن کو اس کے بوائے فرینڈ سے فون پر بات کرتے ہوئے دیکھا۔
متوفیہ ڈی روچتا حال ہی میں اپنی ڈگری مکمل کر چکی تھیں اور ایم بی اے کورس میں داخلہ کی تیاری کر رہی تھیں۔ وہ اپنے والدین رگھویندر اور سنیتا کے ساتھ پینجرلہ میں رہتی تھیں۔ گھر میں دو بہن بھائی اور بھی تھے۔
پولیس کے مطابق روچتا کا مقامی نوجوان سے تعلق تھا جس پر دونوں خاندانوں نے اعتراض کیا تھا۔ بزرگوں کی مداخلت کے بعد طے ہوا تھا کہ دونوں رابطہ ختم کر دیں گے، لیکن حالیہ دنوں میں ان کے درمیان فون پر دوبارہ بات چیت شروع ہو گئی تھی۔
روچتا کا 20 سالہ بھائی روہت اس تعلق پر ناراض تھا اور اکثر بہن سے جھگڑتا تھا۔ پیر کو والدین کے کام پر ہونے کے دوران، روہت نے بہن کو فون پر بات کرتے دیکھا اور جھگڑا شروع کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران روہت نے طیش میں آکر تار سے بہن کا گلا گھونٹ دیا۔ شام میں جب والدین گھر لوٹے تو روہت نے کہا کہ روچتا بے ہوش ہو گئی ہے، لیکن جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ وہ ہلاک ہو چکی ہیں۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
