حیدرآباد: بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ اور قانون ساز کونسل کی رکن کلواکنٹلا کویتا نے معروف تلگو شاعر اور گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر سی Narayana Reddyکی سالگرہ پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، اور ان کی ادبی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔
کے ٹی راما راؤ نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ ڈاکٹر نارائن ریڈی ایک نایاب ادبی شخصیت تھے جن کی تخلیقی صلاحیت ہر صنف میں نمایاں رہی۔ انہوں نے کہا کہ “نظمیں ہوں، رزمیہ شاعری، غزلیں، مضامین یا فلمی گیت—ان کا قلم ہر جگہ بےمثال تھا۔ شاعر، محقق، استاد اور گیت کار کے طور پر ان کی برابری ممکن نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “تلنگانہ کا یہ انمول ہیرا عالمی ادب کے لیے ایک تحفہ تھا۔ انہوں نے تلگو زبان اور سنیما کو نئی شناخت دی۔ گیان پیٹھ جیسے اعلیٰ اعزازات اور راجیہ سبھا کی رکنیت بھی ان کی ادبی خدمت کے آگے معمولی لگتے ہیں۔”
ایم ایل سی کویتا نے بھی X پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائن ریڈی کو “تلگو ادب کے آسمان کا قطبی ستارہ” قرار دیا۔ انہوں نے ان کی شاہکار تخلیق ‘وشوامبھرا’ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تلنگانہ کی آواز کو عالمی سطح پر پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ “ان کی تحریروں میں ایسی خوشبو تھی جو زبانوں کی سرحدوں سے آگے محسوس کی جاتی تھی۔” دونوں رہنماؤں نے ڈاکٹر ریڈی کو مختلف اصنافِ ادب میں ان کی گراں قدر خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































