حیدرآباد: گولکنڈہ کے قریب ابراہیم باغ ملٹری زون میں Leopard Alertایک چیتے کو سڑک عبور کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید کیا گیا، جس کے بعد شہر میں جنگلی جانوروں کی موجودگی پر نئی تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ چیتا تراماتی کے عقب سے موسیٰ ندی کی طرف جاتا ہوا دیکھا گیا۔ گولکنڈہ پولیس نے فوری طور پر محکمہ جنگلات کو الرٹ کیا، جو پہلے ہی منچریولا اور نرسنگی میں چیتے کی موجودگی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
محکمہ جنگلات نے گرے ہاؤنڈز علاقے کے قریب چار پنجرے اور کئی ٹریپ کیمرے نصب کیے ہیں تاکہ چیتے کو پکڑا جا سکے۔ تاہم اب تک کی مسلسل نگرانی کے باوجود وہ قابو میں نہیں آ سکا۔
علاقہ کے مکینوں کو، خاص طور پر رات کے وقت، محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ چیتے کی نقل و حرکت شہری حدود کے قریب برقرار ہے، جس کے پیش نظر مزید حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































