حیدرآباد: خواتین و اطفال بہبود کی وزیر ڈی انسویا سیتکّا نے منگل کی شب Saidabad Juvenile Homeسے پانچ کم عمر لڑکوں کے فرار کے واقعے پر عملے کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
حکام کے مطابق دو سپروائزر معطل کر دیے گئے ہیں جبکہ سپرنٹنڈنٹ کو میمو جاری کیا گیا ہے۔ سیتکّا نے محکمہ کو ہدایت دی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ادارے میں اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔
سکریٹریٹ میں جمعہ کو منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران جویونائل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے وزیر موصوفہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر چارواک اور اسسٹنٹ چیف پروبیشن سپروائزر نوین نے واقعے کی مکمل روداد سے وزیر کو آگاہ کیا۔
وزیر کو بتایا گیا کہ فرار ہونے والے پانچ میں سے تین لڑکوں کو پولیس کی مدد سے تلاش کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی دو کی تلاش کا عمل جاری ہے۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































