حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقی میں خدمات انجام دے رہے 12,055 Telangana contract staffاور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی میعاد میں توسیع کرتے ہوئے ان کی خدمات کو 31 مارچ 2026 تک برقرار رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
اس ہفتہ جاری کردہ سرکاری احکام میں واضح کیا گیا کہ یہ توسیع مقررہ میعاد، کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے تمام ملازمین پر لاگو ہوگی۔
گزشتہ تین ماہ سے ان ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئی تھیں کیونکہ خدمات کی تجدید میں تاخیر کے باعث تنخواہوں کی اجرائی روک دی گئی تھی، جس کے سبب ہزاروں خاندان مالی بحران کا شکار ہو گئے تھے۔ اب جب کہ حکومت کی جانب سے باقاعدہ احکام جاری ہو چکے ہیں، فینانس ڈپارٹمنٹ نے درکار رقومات جاری کر دی ہیں اور پنچایت راج محکمہ نے بقایا جات کی پروسیسنگ مکمل کر لی ہے۔
محکمہ کے عہدیداروں کے مطابق آئندہ دو دنوں کے اندر تین ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں ملازمین کے کھاتوں میں منتقل کر دی جائیں گی۔
یہ فیصلہ دیہی ترقیاتی نظام میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے بڑی راحت کا باعث ہے۔














































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































