حیدرآباد: Telangana Cabinetکا اہم اجلاس جمعہ 25 جولائی کو شام 4 بجے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق آزاد ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں پیش کردہ رپورٹ کو کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، جس پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔ اسی طرح ریاست میں مویشیوں کی نگہداشت کے لیے مجوزہ گوشالہ پالیسی کو بھی منظوری دی جا سکتی ہے۔
نئے سرکاری جونیر کالجوں کے لیے اسٹاف اسامیوں کی منظوری بھی اس اجلاس میں دیے جانے کا امکان ہے۔ راشن کارڈز کی تقسیم کے لیے 25 جولائی سے 10 اگست تک رہنما خطوط پر بھی غور ہوگا۔
کابینہ کے ایجنڈا میں اندراما ہاؤزنگ اسکیم کی پیش رفت، یوریا کی فراہمی، وزراء کے اضلاع کے دوروں کے مشاہدات، آبپاشی پراجکٹس کی لاگت میں اضافہ، اور ماہی گیری کوآپریٹو سوسائٹیوں کے لیے انچارج عہدوں کی تقرری جیسے اہم امور شامل ہیں۔
اجلاس میں حکومت کی سماجی و اقتصادی منصوبہ بندی سے متعلق متعدد اہم فیصلے متوقع ہیں۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































