حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے Betting App Case کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں فلمی اداکار رانا ڈگگوباتی، پرکاش راج، وجئے دیورکونڈا اور لکشمی منچو کو سمن جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رانا ڈگگوباتی کو 23 جولائی، پرکاش راج کو 30 جولائی، وجئے دیورکونڈا کو 6 اگست اور لکشمی منچو کو 13 اگست کو ای ڈی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ای ڈی ان مشہور شخصیات کے مالیاتی لین دین اور ان کی طرف سے مشتبہ غیر قانونی بیٹنگ پلیٹ فارمز کی تشہیر میں مبینہ شمولیت کی جانچ کر رہی ہے۔ تاہم، ابھی تک ان کے تعلق کی مکمل تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ معاملہ ہائی پروفائل ہے اور اداکاروں کی جانب سے ان آن لائن ایپس کی ترویج کے عوض ممکنہ مالی فائدے کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ای ڈی کی تفتیش جاری ہے اور مزید سمنز جاری ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































