حیدرآباد: سکندرآباد میں مقیم ایک ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل کے ساتھ [en]Fake Challan[/en] کے نام پر 1.2 لاکھ روپئے کا سائبر فراڈ پیش آیا، جس کی اطلاع پولیس نے منگل کے روز دی۔
سائبر کرائم کے اے سی پی شیوا ماروتھی کے مطابق، متاثرہ افسر کو 6 جولائی کو واٹس ایپ پر ایک پیغام موصول ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ ‘ای-پریواہن’ پورٹل سے ہے اور ان کی گاڑی پر ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پیغام میں دی گئی لنک کو اصلی سمجھتے ہوئے افسر نے کلک کیا، جس کے چند ہی منٹوں میں ان کے اس بی آئی کریڈٹ کارڈ سے دو ٹرانزیکشنز کے ذریعے 1,20,409 روپئے نکال لیے گئے۔
فراڈ کا احساس ہونے پر انہوں نے فوری طور پر سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی جرمانے یا ادائیگی سے متعلق مشتبہ لنکس پر کلک نہ کریں اور ایسی اطلاع ملنے پر تصدیق کے بغیر کوئی اقدام نہ کریں۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































