حیدرآباد: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے کہا ہے کہ [en]Godavari Water[/en] نہ صرف رائلسیما بلکہ تلنگانہ کے لیے بھی ایک زرعی انقلاب لا سکتا ہے، بشرطیکہ اس کا مؤثر اور سائنسی بنیادوں پر استعمال کیا جائے۔
سری سیلم پراجکٹ کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے گوداوری سے ہر سال تقریباً 2,000 ٹی ایم سی پانی سمندر میں بہہ جاتا ہے۔ اگر اس میں سے صرف 200 ٹی ایم سی پانی کو محفوظ کر کے آبپاشی میں استعمال کیا جائے تو رائلسیما کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو زرخیز بنایا جا سکتا ہے۔
چندرابابو نائیڈو نے سری سیلم پراجکٹ پر ایک تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا اور بعد ازاں کسانوں کے ہمراہ چار دروازے کھول کر پانی ساگر کو جاری کیا۔ اس موقع پر کئی وزراء، ارکان اسمبلی اور ٹی ڈی پی قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 2019 میں تلگودیشم کو دوبارہ اقتدار ملا ہوتا تو آج پولاورم پراجکٹ مکمل ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے رائلسیما کے آبی پراجکٹس کے لیے صرف 2,000 کروڑ روپئے خرچ کیے، جب کہ ان کی حکومت نے ہندری نیوا جیسے اہم منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی کے لیے پانی کا منصفانہ استعمال ضروری ہے اور اس پر صرف ٹی ڈی پی اور این ڈی اے حکومت کو اخلاقی حق حاصل ہے، کیونکہ وہی کسانوں کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔
چندرابابو نائیڈو نے آبی ذخائر کو “جدید دور کے منادر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت رائلسیما کو خشک سالی سے نکال کر خوشحال علاقہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ بھی گوداوری کے پانی سے استفادہ کر کے اپنی زرعی پیداوار کو بڑھا سکتا ہے، اور اس اشتراک سے دونوں ریاستوں کی ترقی ممکن ہے۔














































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































