حیدرآباد: محبوب نگر سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ [en]DK Aruna[/en] نے پیر کے روز ریاستی حکومت اور اپوزیشن بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بی جے پی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارونا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جان بوجھ کر یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو 9.5 لاکھ ٹن یوریا کی ضرورت ہے، جب کہ مرکز نے پہلے ہی 12.02 لاکھ ٹن روانہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ریاست کے پاس مزید 3لاکھ ٹن یوریا کا ذخیرہ بھی موجود ہے۔ ارونا نے سوال اٹھایا کہ جب وافر مقدار میں کھاد موجود ہے تو پھر قلت کی دُہائی کیوں دی جارہی ہے؟ کیا یہ یوریا کسانوں کو دی جا رہی ہے یا بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہے؟
ڈی کے ارونا نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت مرکز کو وقت پر صحیح تجاویز بھیجنے میں ناکام رہی ہے، جو واضح طور پر انتظامی لاپروائی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی کا الزام مرکز پر ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے مجوزہ گوداوری-بناکاچرلہ لنک پراجیکٹ پر بات کرتے ہوئے ارونا نے بی آر ایس اور کانگریس دونوں پر الزام لگایا کہ وہ توجہ ہٹانے کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اب اپنی سابقہ غلطیوں سے دامن بچانے کی کوشش کر رہا ہے، جب کہ کانگریس اس منصوبے کو روکنے کا کریڈٹ لینے کی کوشش میں ہے۔
ارونا نے یاد دلایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے طلب کردہ آل پارٹی اجلاس میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ نے اس منصوبے کی سخت مخالفت کی تھی۔ انہوں نے بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ کو نشانہ بناتے ہوئے پوچھا کہ اگر آپ واقعی پانی کی منتقلی کے خلاف تھے تو رائلسیما لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ آپ کی دس سالہ حکومت میں کیسے مکمل ہوا؟ آپ نے اسے اس وقت کیوں نہیں روکا؟
ڈی کے ارونا نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہیں اور سیاسی مفادات کو ریاست کے اہم مسائل پر حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا۔
