حیدرآباد: [en]SBI Donates[/en] کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اپنے کارپوریٹ سوشیل رسپانسبلٹی (CSR) پروگرام کے تحت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کو 10 مہندرا جیتو الیکٹرک گاڑیاں بطور عطیہ پیش کی ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 1 کروڑ روپئے ہے۔
یہ گاڑیاں منگل کے روز کوٹھی میں واقع ایس بی آئی کے مقامی صدر دفتر پر منعقدہ تقریب میں ایس بی آئی حیدرآباد سرکل کے چیف جنرل منیجر ایس رادھا کرشنن نے جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن کے حوالے کیں۔
کمشنر کرنن نے ایس بی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑیاں شہری خدمات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے دیگر اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ جی ایچ ایم سی کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
اس موقع پر ایس بی آئی کے ڈپٹی جنرل منیجرز، جی ایچ ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر رگھو پرساد، بینک افسران، اور ویٹرنری ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جے ڈی ولسن موجود تھے۔
یہ اقدام نہ صرف شہری سہولیات کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے بلکہ کارپوریٹ اداروں کی سماجی ذمے داری کے حوالے سے ایک قابلِ تقلید مثال بھی ہے۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































