حیدرآباد ۔ حائیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ نے اتوار کو کرشنا کانت پارک میں صبح کی سیر کے دوران وہاں کے تالاب کی بحالی کے منصوبے پر واکرس سے تبادلہ خیال کیا۔ یہ تالاب سکڑ کر 3 ایکڑ رہ گیا تھا اور گندے پانی کا جوہڑ بن چکا تھا۔ بحالی کے منصوبے میں اسے 12 ایکڑ تک پھیلانا شامل ہے۔
رنگناتھ نے بتایا کہ حائیڈرا انلیٹس تیار کر رہی ہے تاکہ سیلابی پانی براہ راست تالاب میں پہنچ سکے۔ ان کے مطابق شدید بارش کے دوران جوبلی ہلز اور وینکٹ گری سے بڑی مقدار میں آنے والے سیلابی پانی کو بھی تالاب کی طرف موڑنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ اس اقدام سے کرشنا نگر، یوسف گوڑہ، مدھورا نگر، سرینواس نگر، امیرپیٹ اور میتری ونم میں سیلابی پانی بھرنے کا سلسلہ رک جائے گا۔ سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کے لیے تالاب کو گہرا کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ رنگناتھ نے تالاب کی ترقی کے بارے میں واکرس سے تجاویز لیں۔
کرشنا کانت پارک میں کچرا یارڈ اور جم کی شکایات | Krishnakanth Park Pond
مقامی شہریوں اور پارک آنے والوں نے کمشنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی سمت میں واقع کچرا ڈمپنگ یارڈ کی چہار دیواری نہیں ہے، جس کی وجہ سے بدبو اور کچرا پارک میں آ جاتا ہے۔ جم کا سامان خراب ہونے کی شکایت کرتے ہوئے شہریوں نے اس کی مرمت اور مزید سامان کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
واکرس نے تمیڑی کنٹہ پر حائیڈرا کی جانب سے حال ہی میں قائم کیے گئے اوپن جم کو بہترین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تالاب کی ترقی کے ساتھ یہاں بھی ایسی ہی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے تالاب کے ساتھ پارک کو بھی ترقی دینے کی اپیل کی۔
شہریوں نے شہر بھر میں تالابوں کی بحالی پر حائیڈرا کی ستائش کی۔ ان کے مطابق بحال شدہ تالاب بہت اچھے ہیں اور ان سے تالابوں کے کئی فوائد سامنے آ رہے ہیں۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس واک میں شرکا نے فطرت کے تحفظ کے لیے تجاویز پیش کیں۔
