حیدرآباد: دارالحکومت دہلی پیر کی شام اُس وقت لرز اٹھی جب لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب کھڑی ایک کار میں زوردار دھماکہ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس واقعہ میں 9 لوگوں کی موت اور 24 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس واقعہ کے بعد پوری دہلی میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا۔ دہلی فائر بریگیڈ کے مطابق، گیٹ نمبر 1 کے قریب کھڑی کار میں دھماکہ ہوا جس کے بعد تین سے چار دیگر گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی اور نقصان پہنچا۔
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کے بعد قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ایل این جے پی اسپتال منتقل کیا گیا۔
یوپی، اتراکھنڈ اور ممبئی میں بھی ہائی الرٹ | Delhi Blast
دھماکے کے بعد اترپردیش، اتراکھنڈ اور ممبئی میں بھی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، کار ایک چیک پوسٹ سے کچھ ہی فاصلے پر کھڑی تھی۔ تقریباً 15 فائر بریگیڈ گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ عام گاڑیوں کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
دہلی پولیس کے ڈی سی پی نارتھ راجا بانتھیا نے بتایا کہ کوتوالی تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہ مقدمہ یو اے پی اے، ایکسپلوسیو ایکٹ اور بی این ایس کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
تفتیش جاری، دھماکے والی کار سے جسمانی اعضا برآمد | Delhi Blast
ڈی سی پی بانتھیا کے مطابق، جس کار میں دھماکہ ہوا اس میں کچھ جسمانی اعضا پائے گئے ہیں جنہیں ایف ایس ایل ٹیم نے تحویل میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا۔ ایف ایس ایل ٹیم دھماکے کے نشانات تلاش کر رہی ہے اور موقع سے نمونے اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایف ایس ایل افسر محمد واحد نے بتایا کہ تمام نمونے لیبارٹری میں بھیجے جائیں گے اور تجزیے کے بعد ہی تصدیق ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔
دھماکے کے فوری بعد وزیراعظم نریندر مودی نے وزیرداخلہ امیت شاہ کو فون کرکے تفصیلی معلومات حاصل کی۔
دوسری جانب، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنجے جیسوال نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ گزشتہ روز ہزاروں کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور 360 کلو سے زیادہ امونیم نائٹریٹ ضبط کیا گیا تھا۔ ممکن ہے یہ دھماکہ اسی کارروائی کے ردعمل میں کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت نے جائے وقوعہ اور اسپتال کا دورہ کیا ہے اور حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔



































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































