حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں آئندہ چار دنوں تک شدید سے بہت شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے پیر سے جمعرات تک مختلف اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے، کیونکہ تیز ہواؤں اور بھاری بارشوں کے امکانات ہیں۔
مختلف اضلاع میں رنگ الرٹس جاری | Telangana Rain
پیر کے روز محکمہ موسمیات نے عادل آباد ، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمَل، بھوپال پلی، مُلوگ ، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں اور ناگرکرنول اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا۔ ان علاقوں میں بھاری بارش متوقع ہے۔
منگل کو جیشکر بھوپال پلی، کوٹھا گوڑم، مُلوگ اور محبوب آباد میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا جہاں 50 تا 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی دوران آصف آباد، منچریال، پڈاپلی، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں اورنج الرٹ دیا گیا۔ مزید برآں عادل آباد ، نرمَل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسیلہ، کریم نگر، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، جنگاؤں، سدی پیٹ، بھونگیری، رنگا ریڈی، حیدرآباد اور میڈچل–ملکاجگری میں یلو الرٹ برقرار ہے۔
تیز ہواؤں اور مزید بارشوں کا خدشہ | Telangana Rain
بدھ کے روز 40 تا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں عادل آباد ، آصف آباد، منچریال، نرمَل، پداپلی، بھوپال پلی اور مُلوگ میں چل سکتی ہیں، اس لیے ان اضلاع میں اورنج الرٹ دیا گیا ہے۔ بھاری بارش نظام آباد، جگتیال، سرسلہ، کریم نگر، کوتہ گوڑم، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ اور جنگاؤں میں متوقع ہے۔
جمعرات کو عادل آباد ، آصف آباد، منچریال، نرمَل اور پداپلی میں وقفے وقفے سے بھاری بارش کے امکانات ہیں جبکہ نظام آباد، سرسلہ ، کریم نگر، کوتھا گوڑم اور کھمم میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈ یا پانی بھرنے کا خطرہ زیادہ ہے۔
