حیدرآباد ۔ مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور سماجی خدمتگار Bill Gates نے کہا ہے کہ ہندوستان آج اختراعات کے شعبے میں ایک عالمی رہنما ہے اور یہاں سے سامنے آنے والے حل دنیا بھر میں لاکھوں زندگیوں کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بل گیٹس سیئٹل میں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ہندوستانی قونصلیٹ جنرل اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے مہاتما گاندھی کی 156 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیا تھا۔ گیٹس نے کہا کہ ہندوستان کی جدت پسندی صحت اور ترقی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی ’وکسِت بھارت 2047‘ کے اہداف میں شراکت داری جاری رکھے گی۔
گاندھی کے اصول اور فاؤنڈیشن کا کام
بل گیٹس نے زور دیا کہ مساوات اور وقار کے وہ اصول جن کی وکالت مہاتما گاندھی نے کی تھی، آج بھی ان کی فاؤنڈیشن کے بنیادی کام کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر ہندوستانی ثقافت، فن اور روایتی کھانوں کی نمائش بھی کی گئی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
پروگرام میں واشنگٹن اسٹیٹ اور سیئٹل سٹی کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ امریکی گلوبل سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے صدر جوناتھن گرینوف نے ’آج کی دنیا میں گاندھی کے اصولوں کی اہمیت‘ کے موضوع پر کلیدی خطاب کیا۔
اس سے قبل دن کے اوقات میں بیل ویو پبلک لائبریری اور سیئٹل سنٹر میں گاندھی کے مجسموں پر گلپوشی کی گئی۔ واشنگٹن اسٹیٹ کی سینیٹر وندنا سلیٹر نے بھی پھول چڑھائے جبکہ ہندوستانی نژاد بچوں نے گاندھی کے پسندیدہ بھجن پیش کیے جنہیں Bill Gates کے بشمول سامعین نے خوب سراہا۔ ہندوستانی قونصلیٹ کے مطابق بڑی تعداد میں شرکت نے سیئٹل اور بیل ویو میں مقیم ڈائسپورا برادری کی گہری وابستگی کو ظاہر کیا۔
