حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتیں دڈیلا سری دھر بابو نے متحدہ عرب امارات (UAE) کو دعوت دی ہے کہ وہ ریاست کو عالمی ڈیجیٹل اور اختراعی مرکز میں تبدیل کرنے میں Telangana–UAE شراکت دار بنے۔ یہ تجویز انہوں نے جمعرات کے روز اپنی سرکاری دورہ کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلیکیشنز عمر بن سلطان ال اولاما سے ملاقات کے موقع پر پیش کی۔
سری دھر بابو نے ریاست کے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے تلنگانہ ڈیٹا ایکسچینج کے فوائد اجاگر کیے، جس نے صحت، تعلیم، زراعت اور حکمرانی میں مثبت اثرات دکھائے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں مصنوعی ذہانت کے ریسرچ اور ڈیولپمنٹ مرکز قائم کرنے کے لیے امارات کے تعاون کی اپیل کی۔
فِن ٹیک اور ڈیجیٹل معیشت کے مواقع
وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ فی الحال ہندوستان کی چوتھی بڑی UPI معیشت ہے، جس نے جولائی 2025 تک 1.26 لاکھ کروڑ روپئے کی لین دین درج کی ہے۔ انہوں نے ریاست کے فِن ٹیک سینڈ باکس کے ذریعے ادائیگیوں، بلاک چین اور ڈیجیٹل کامرس میں مواقع کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل معیشت سے وابستہ کمپنیوں کے لیے ہندوستانی منڈی میں داخلے کا مثالی دروازہ ہے۔
تلنگانہ–UAE فیوچر اسکلز اکیڈمی کی تجویز
سری دھر بابو نے گیمنگ کے شعبے پر توجہ دینے والی Telangana–UAE فیوچر اسکلز اکیڈمی کے قیام کی تجویز رکھی۔ ساتھ ہی انہوں نے اماراتی سرکاری سرمایہ کاری فنڈز اور وینچر کیپیٹل کے ذریعے ڈیپ ٹیک اور مصنوعی ذہانت کے اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ امارات کے ساتھ مشترکہ طور پر “AI and Startup Summit” کی میزبانی کے لیے بھی پرعزم ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ اماراتی کمپنیاں تلنگانہ کے آئندہ فیوچر سٹی پروجیکٹ میں اسمارٹ موبلٹی، لاجسٹکس، گرین انرجی، ہاؤزنگ اور ای-گورننس میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے سکتی ہیں۔
اسٹار گیٹ پروجیکٹ میں شمولیت کی دعوت
اماراتی وزیر عمر بن سلطان ال اولاما نے تلنگانہ کو عالمی ڈیجیٹل اور اختراعی مرکز کے طور پر متعارف کروانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، کوانٹم کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی اور گیمنگ میں ریاست کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے سری دھر بابو کو متحدہ عرب امارات کے 100 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پر مبنی پرجوش منصوبہ اسٹار گیٹ کے بارے میں آگاہ کیا اور تلنگانہ کو اس کا کلیدی شراکت دار بننے کی دعوت دی۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تلنگانہ کو عنقریب امارات میں منعقد ہونے والے فِن ٹیک اسٹارٹ اپس سمٹ میں بھی شامل کیا جائے گا۔
