حیدرآباد:کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک کے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی کو پیر کے روز حیدرآباد میں پُرجوش استقبال ملا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، وزراء اور پارٹی کے سینئر قائدین نے تاج کرشنا ہوٹل میں ان کا خیرمقدم کیا۔
قائدین نے عدالتی خدمات کو یاد کیا
تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے یاد دلایا کہ جسٹس سدرشن ریڈی متحدہ آندھرا پردیش میں 2004 کے دوران سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ مسلمانوں کے لیے تحفظات کی حمایت کرنے والے پہلے جج تھے۔ ان کی ہدایت پر اُس وقت کی کانگریس حکومت نے مجوزہ 5 فیصد مسلم تحفظات کو گھٹا کر 4 فیصد کیا تاکہ درج فہرست ذاتوں کے لیے آئینی حد کے اندر رہا جا سکے۔
شبیر علی نے کہا کہ اگر جسٹس ریڈی نائب صدر جمہوریہ کے عہدے پر منتخب ہوتے ہیں تو یہ تلنگانہ کے لیے فخر کی بات ہوگی۔
