حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ (KTR) نے جمعرات کو ضلع سرسلہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ عوامی مسائل کو نظرانداز کر رہے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست بھر میں شدید بارش اور سیلاب عوام کی زندگی اجیرن بنا رہا ہے، لیکن چیف منسٹر موسی ندی کی خوبصورتی اور ریاست کے اولمپک منصوبوں پر اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا، آج تلنگانہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے لیکن حکومت زیب و زینت اور کھیلوں کے منصوبوں میں مصروف ہے۔ اصل ضرورت فصلوں، جائیدادوں اور انسانی جانوں کے نقصانات کا جائزہ لینا ہے۔
کے ٹی آر نے یاد دلایا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں منچریال اور بھوپالپلی میں پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے تھے۔ لیکن آج سرکاری ہیلی کاپٹر بہار اور دیگر ریاستوں میں انتخابی مہمات کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ تلنگانہ کے عوام مشکل میں ہیں۔
انہوں نے راجنا سرسلہ کے نرملا گاؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں پانچ افراد پھنس گئے تھے جنہیں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ہیلی کاپٹروں نے بچایا، لیکن ایک شخص بہہ گیا اور کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ جائیداد کا نقصان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اگر حکومت نے بروقت منصوبہ بندی کی ہوتی تو ان نقصانات کو روکا جا سکتا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فی ایکڑ 25,000 روپئے ، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 25 لاکھ روپئے اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو اندیرامّا مکانات فراہم کیے جائیں۔
کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے قائدین اور کارکنان پہلے ہی سیلاب زدہ اضلاع میں راحتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور کھانا و طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریونیو اور پولیس کے عہدیداروں کی بروقت کارروائیوں کی ستائش بھی کی۔


























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































