حیدرآباد: تلنگانہ ایکسائز کے عہدیداروں نے سنگاریڈی ضلع میں کارروائی کرتے ہوئے 123 کلو Ganjaضبط کیا جس کی مالیت تقریباً 45 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ اس موقع پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا جو یہ ممنوعہ مال اڈیشہ سے مہاراشٹرا منتقل کر رہے تھے۔ چھاپہ قومی شاہراہ پر کَنڈی کے قریب چیار گیٹ پر مارا گیا۔
سنگاریڈی ایکسائز کے ڈپٹی کمشنر ہری کشن نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے ملزمین کی شناخت عبدالوہاب (59 سال) ضلع بیڑ، مہاراشٹرا اور اُما کانت سبر (37 سال) اڈیشہ سے بتائی۔
ملزمین نے گانجہ کو دو کاروں میں پیک کر کے اس طرح چھپایا تھا کہ کسی کو شبہ نہ ہو۔ خفیہ اطلاع پر ایکسائز عملہ نے گاڑیوں کو روکا اور تلاشی کے دوران 123 کلو گانجہ، دو کاریں اور دو موبائل فون ضبط کیے۔ ملزمین نے اقبال جرم کیا کہ وہ اس ممنوعہ سامان کو مہاراشٹرا منتقل کر رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر ہری کشن نے بتایا کہ عدالت نے دونوں کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اڈیشہ سے اس کے بڑے نیٹ ورک اور سپلائی چین کا پتہ چلایا جا سکے۔ ایکسائز عہدیداروں کے مطابق تلنگانہ کی شاہراہوں کے ذریعہ منشیات کی اسمگلنگ ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، کیونکہ منظم گروہ بار بار آندھرا–اوڈیشہ سرحد سے مہاراشٹرا تک مال پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس کارروائی کی قیادت ایکسائز سپرنٹنڈنٹ نوین چندرا نے کی۔ ان کے ساتھ سرکل انسپکٹرز شنکر اور نذیر پاشا، سب انسپکٹرز ہنمنتھ، انودیپ، سرینواس ریڈی، ستییش اور دلیپ کمار ریڈی کے علاوہ کانسٹیبل سبھاش، پانڈری، پربھاکر، ارونا جیوتی اور انیل ریڈی شامل تھے۔
