حیدرآباد: سپریم کورٹ نے پیر کے روز سابق اسپیشل انٹلیجنس بیورو (ایس آئی بی) کے چیف Prabhakar Raoکو ہدایت دی کہ وہ جاری فون ٹیپنگ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں۔ عدالت نے کہا کہ اگر انہیں نوٹس جاری کی جائے تو وہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوں۔
یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی جب عدالت عظمیٰ میں ہائی پروفائل نگرانی کیس کے سلسلے میں پربھاکر راؤ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ تلنگانہ حکومت نے اس موقع پر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ راؤ نے مکمل تعاون نہیں کیا۔ ریاست کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے کہا کہ راؤ نے سرکاری الیکٹرانک آلات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے۔ ان کے بقول کیس سے متعلق لیپ ٹاپ اور موبائل فون فارمیٹ کر دیئے گئے جس کی وجہ سے کوئی ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔
دوسری جانب پربھاکر راؤ کے وکیل نے دلیل دی کہ سابق ایس آئی بی چیف اب تک دس مرتبہ تفتیشی عہدیداروں کے سامنے پیش ہوچکے ہیں اور مکمل تعاون کیا ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسٹس بی۔ وی۔ ناگراتھنا نے ہدایت دی کہ راؤ کو جب بھی طلب کیا جائے وہ تحقیقات میں حصہ لیں۔ عدالت نے تفتیش کے لئے مزید چار ہفتے کا وقت دیا اور آئندہ سماعت 22 ستمبر مقرر کی۔ ساتھ ہی پربھاکر راؤ کو دی گئی عبوری تحفظ میں بھی اسی تاریخ تک توسیع کردی گئی۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































