حیدرآباد: کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ خاتون کی مبینہ طور پر جہیز ہراسانی کے نتیجے میں موت واقع ہوگئی۔ یہ واقعہ ضلع Kothagudemکے اسواراوپیٹہ میں پیش آیا جہاں خاتون نے کئی برسوں تک شوہر اور سسرالیوں کی اذیت برداشت کی۔
متوفیہ لکشمی پرسنّا، وشوناتھاپورم گاؤں (کلورو منڈل) کی رہنے والی تھی، جس کی شادی 2015 میں خان خان پیٹ کے رہنے والے پولا نریش بابو سے ہوئی تھی۔ گزشتہ تین سال سے یہ جوڑا اسواراوپیٹہ میں مقیم تھا۔
گزشتہ ہفتے نریش بابو نے لکشمی پرسنّا کے والدین کو اطلاع دی کہ وہ چھت سے گر گئی ہے اور اسپتال منتقل کی گئی ہے۔ لیکن والدین اسپتال پہنچے تو حیران رہ گئے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کی لاش کو کمزور و لاغر حالت میں دیکھا، جسم پر کئی پرانے اور تازہ زخموں کے نشانات تھے اور ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔
اہل خانہ نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ موت حادثاتی نہیں بلکہ جہیز کے لئے قتل ہے۔ ان کا الزام ہے کہ نریش بابو کے اہل خانہ نے لکشمی پرسنّا کو تقریباً دو سال تک ایک کمرے میں قید رکھا اور انہیں کسی قسم کا رابطہ نہیں کرنے دیا۔ اس دوران وہ مسلسل مارپیٹ اور فاقہ کشی کا شکار رہی اور بالآخر ہلاک کردی گئی۔
پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































