حیدرآباد: تلنگانہ کے جنگاؤں اور محبوب آباد اضلاع میں Dengueبخار سے دو کمسن بچوں کی موت واقع ہوگئی جس سے ریاست میں موسمی وبائی امراض کے پھیلاؤ پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
جنگاؤں ضلع کے اسٹیشن گھنپور منڈل کے کوٹہ پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والی 20 ماہ کی جوگو ستیویکا، شنکر اور سندھیا کی بیٹی، راکھی پورنیما سے ایک دن قبل بخار میں مبتلا ہوئی۔ اسٹیشن گھنپور کے ایک خانگی اسپتال میں اسے ابتدا میں ٹائیفائیڈ قرار دیا گیا، تاہم حالت بگڑنے پر ہنمکنڈہ کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جانچ میں ڈینگو اور جگر متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ علاج کے دوران ننھی بچی جانبر نہ ہوسکی۔
اسی طرح محبوب آباد ضلع کے تھوڑور منڈل کے چارلاپلم گاؤں کے بُچ ملّو اور کویتا کی 9 سالہ بیٹی دھرما رپو ستیویکا کئی دنوں سے بخار میں مبتلا تھی۔ مختلف اسپتالوں میں علاج کے باوجود افاقہ نہ ہوا اور آخرکار اسے ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال میں شریک کیا گیا جہاں جمعرات کے روز دوران علاج وہ دم توڑ گئی۔
یہ اموات ریاست میں ڈینگو اور دیگر موسمی امراض کے بڑھتے ہوئے خطرے کی طرف توجہ دلاتی ہیں اور طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































