حیدرآباد: کھمم ضلع کے پلونچہ میں امتناع و آبکاری محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے 106 کلو Ganjaبرآمد کیا جس کی مالیت تقریباً 53 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ اس آپریشن میں 6 اسلحے بھی ضبط کئے گئے جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ جمعرات کو معمول کی چیکنگ کے دوران ایک گڈس وین اور کار سے یہ منشیات برآمد ہوئی۔ گرفتار شدہ افراد میں کیرالا کے ایرناکلوم کے بلال وی ایس اور تمل ناڈو کے تروچی سے شیام سندر اور کاشینندن سنتوش شامل ہیں۔ ملزمین نے اعتراف کیا کہ گانجہ اوڈیشہ سے خریدا گیا اور اسے تروچی لے جایا جارہا تھا۔ اس کے لئے بھدرادری، کھمم، کوتہ گوڑم اور چنئی کا راستہ اختیار کیا گیا تھا۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ نیٹ ورک صرف منشیات تک محدود نہیں بلکہ اس کا تعلق کیرالا کی ایسی ٹولیوں سے بھی ہے جو مدھیہ پردیش کے اندور سے غیر قانونی اسلحہ خرید کر کوچی منتقل کررہی ہیں۔ ضبط کئے گئے ہتھیار مزید تحقیقات کے لئے پالنچہ پولیس کے حوالے کردیئے گئے۔
پولیس نے اس کیس میں دو گاڑیاں، 35,500 روپئے نقدی، 40 زندہ کارتوس اور 12 خالی میگزین بھی ضبط کئے ہیں۔ ایک اور ملزم جیمس، جو شیام سندر کا ساتھی بتایا جاتا ہے، فی الحال مفرور ہے۔ گرفتار شدہ تینوں افراد کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
اس کامیاب کارروائی پر آبکاری کمشنر سی ہری کرن، انفورسمنٹ ڈائریکٹر شہباز قاسم اور ڈپٹی کمشنر جی جاناردھن ریڈی نے اسسٹنٹ کمشنر جی گنیش اور ان کی ٹیم کی ستائش کی۔
