حیدرآباد: حیدرآباد کے امیرپیٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے 81 سالہ شخص سائبر WhatsApp scamکا شکار ہوگئے اور دھوکہ بازوں کو 7.11 لاکھ روپئے گنوا بیٹھے۔ یہ افراد خود کو واٹس ایپ پر ایک خاتون ظاہر کرکے بزرگ شخص کو جذباتی طور پر بلیک میل کرتے رہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جون میں شروع ہوا جب متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک خاتون “مایا راجپوت” کے نام سے پیغامات اور کالز موصول ہونا شروع ہوئیں۔ آہستہ آہستہ گفتگو دوستانہ شکل اختیار کر گئی اور دھوکہ بازوں نے ان کا اعتماد حاصل کر لیا۔ اس کے بعد انہوں نے بلیک میلنگ کا منصوبہ شروع کیا۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ مشکل میں ہے، اسے فوری طبی اخراجات پورے کرنے ہیں اور اس نے قرض کے لیے گروی رکھے گئے سونے کے زیورات واپس حاصل کرنے ہیں۔ اس کہانی پر یقین کرتے ہوئے بزرگ شہری نے مختلف قسطوں میں رقم فراہم کی جو دھوکہ بازوں کے دیے گئے نمبر پر منتقل کی گئی۔
7.11 لاکھ روپئے حاصل کرنے کے بعد بھی فراڈیوں نے مزید رقم کا تقاضا جاری رکھا اور جذباتی اپیلوں کے ذریعے انہیں مجبور کرنے کی کوشش کی۔ مسلسل دباؤ کے بعد شخص کو شک ہوا اور اہل خانہ کی مدد سے انہوں نے سائبر کرائم پولیس سے رجوع کیا اور شکایت درج کروائی۔
پولیس نے باضابطہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اکثر دھوکہ باز بزرگ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں اور نئی اسکیموں کے ذریعے ان کے جذبات اور بھروسے کا فائدہ اٹھا کر رقم ہتھیاتے ہیں۔
