حیدرآباد: حیدرآباد پولیس نے ایک بڑے آپریشن کے دوران دبئی سے اسمگل کیے گئے ای-سگریٹس اور غیر ملکی سگریٹس کی کھیپ ضبط کر لی جس کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ اس کارروائی میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ چھاپہ Hyderabad policeویسٹ زون کمشنر کی ٹاسک فورس کی قیادت میں انجام دیا گیا۔
پولیس کو بنجارہ ہلز علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ایم ایل اے کالونی کے قریب سہیل خان کو ای-سگریٹس لے جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ یہ سامان اسے محمد سمیع المعروف مکرَم نے دیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے سمیع کو گرفتار کیا جس نے بتایا کہ ان کا سپلائر عبداللہ شیٹی ہے جو لکڈی کاپول کے ایک ہوٹل سے کارروائی چلا رہا تھا اور ممبئی کا رہنے والا ہے۔
مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اس نیٹ ورک میں محمد تاج الدین شامل تھا جو کوآرڈینیشن اور لاجسٹکس کا ذمہ دار تھا، خلیل احمد جو افرادی قوت فراہم کرتا تھا، اور مایانک بیس جو حال ہی میں دبئی سے تازہ کھیپ لے کر آیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ دبئی میں مقیم مارٹن المعروف سہیل کی ہدایت پر کام کر رہا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 6,800 ڈبے پلاٹینم سیون کول سگریٹس اور 360 ایل ایف بار مون نائٹ 40,000 پف ای-سگریٹس برآمد کیے۔ اس کے ساتھ چھ موبائل فونز اور ایک ہونڈا ایکٹیوا اسکوٹر بھی ضبط کیا گیا جو اسمگلنگ میں استعمال ہو رہا تھا۔ برآمد شدہ اشیاء کی مجموعی قیمت 25 لاکھ روپئے بتائی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ نیٹ ورک نہ صرف کمرشیل ٹیکس سے بچ رہا تھا بلکہ تلنگانہ میں ای-سگریٹس کی فروخت پر عائد پابندی کی خلاف ورزی بھی کر رہا تھا۔ ریاستی قانون کے مطابق ویپنگ سے صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر ای-سگریٹس پر مکمل پابندی ہے۔
یہ آپریشن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس محمد اقبال صدیقی کی نگرانی میں انجام دیا گیا جبکہ انسپکٹر سی ایچ یادیندر اور سب انسپکٹر محمد زاہد نے تحقیقات کی قیادت کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔
































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































