حیدرآباد: تلنگانہ کے گورنر Jishnu Dev Varmaنے پیر کے روز راج بھون کے “سنسکرتی کمیونٹی ہال” میں معذور افراد کے لئے سرجیکل ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس کیمپ میں معذور افراد کے لئے مفت سرجریاں، تشخیصی معائنات، آنکھوں کی اسکریننگ اور عینکوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
یہ کیمپ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی حیدرآباد برانچ کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں ڈسیبل فاؤنڈیشن ٹرسٹ، ڈاکٹر ناری چیریٹیبل ٹرسٹ، اگروال سیوا دل، روی ہیلیوس ہاسپٹل، پٹّی ٹرسٹ اور دیگر ادارے شراکت دار ہیں۔
گورنر نے کہا کہ یہ کیمپ ہمدردی، تعاون اور سماجی ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں، رضاکاروں اور سماجی اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا جن کی بدولت معذور افراد کو صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں منظور کردہ “رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبیلٹیز ایکٹ” کے تحت معذوری کی فہرست 7 سے بڑھا کر 21 کی گئی ہے، جس میں تیزاب گردی کے متاثرین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

گورنر نے راج بھون کے “گورنر ایکسیلنس ایوارڈز” کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال معذور افراد کے لئے ایک نئی کیٹیگری شامل کی گئی ہے۔ پیرا اولمپین جیونجی دیپتی اور آدتیہ میہتا فاؤنڈیشن کو شمولیت کے فروغ کے لئے ایوارڈز دیے گئے۔
وزیر برائے معذور افراد کی بہبود لکشمن کمار اڈلوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ معذور سرکاری ملازمین کی “کمپیشنیٹ ٹرانسفرز” کی درخواستوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ مزید یہ کہ حکومت معذور افراد کے لئے بغیر رکاوٹ انفراسٹرکچر، ہنر کی تربیت اور روزگار کے مواقع پر توجہ دے رہی ہے۔
چیولہ ایم ایل اے کالے یادیا، حیدرآباد کلکٹر ہری چندنا اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی و گورنر آفس کے سینئر عہدیدار بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
