حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے چیئرمین گتھا سکھینڈر ریڈی نے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی پر زور دیا ہے کہ وہ Mana Vooru Mana Badiاسکیم کے تحت مکمل ہونے والے تعمیراتی کاموں کے 361.35 کروڑ روپئے کے واجب الادا بلز فوری طور پر ادا کریں۔
جمعرات کو وزیراعلیٰ کو لکھے گئے ایک خط میں گتھا نے کہا کہ یہ کام چھوٹے اور غریب ٹھیکیداروں کے ساتھ امّہ آدرش اسکول کمیٹیوں کے ارکان نے قرض لے کر انجام دیے تھے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے یہ افراد شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
گتھا سکھینڈر ریڈی نے کہا کہ ان بلز کی ادائیگی چھوٹے ٹھیکیداروں اور اسکول کمیٹیوں کی مدد کے لیے نہایت ضروری ہے، جو طویل عرصے سے اپنی سرمایہ کاری کی وصولی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے فنڈز فوراً جاری کیے جائیں۔
انہوں نے خط میں زور دیا کہ ان ادائیگیوں پر کئی لوگوں کا روزگار منحصر ہے، اس لیے ریاست کو اس معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹانا چاہیے۔

























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































