حیدرآباد: تلنگانہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جیتندر آئی پی ایس نے بدھ کو اعلان کیا کہ ریاست کے اہم سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے تحفظ کے لیے خصوصی Tourist Policeفورس تعینات کی جائے گی۔ تلنگانہ محکمہ سیاحت کے تعاون سے تیار کردہ اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 80 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ ورلڈ ٹورزم ڈے 27 ستمبر تک مکمل نظام فعال ہو جائے گا۔
ٹورسٹ پولیس کو اننت گیری، سوماسیلا، رامپا، یادگیری گٹہ، پوچم پلی، ناگرجنا ساگر، بدھاونم، بھدراچلم اور امرآباد سمیت اہم مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ ڈاکٹر جیتندر نے یقین دلایا کہ پولیس محکمہ، ریاست میں سیاحت کے فروغ اور تحفظ کے لیے محکمہ سیاحت کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
ڈی جی پی نے محکمہ سیاحت سے کہا کہ فلم شوٹنگ پرمٹ اور خصوصی تقریبات کے انعقاد کے لیے معیاری عملی رہنما خطوط (SOPs) تیار کیے جائیں تاکہ بروقت پولیس تعیناتی ممکن ہو۔ فلم سازوں اور پروگرام منتظمین کو مشورہ دیا گیا کہ پیشگی اطلاع دیں تاکہ مناسب حفاظتی انتظامات کیے جا سکیں۔
محکمہ سیاحت کے اسپیشل چیف سکریٹری جے ش رنجن نے کہا کہ ٹورسٹ پولیس روحانی، طبی اور تفریحی مراکز آنے والے سیاحوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی، جس سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈی جی پی دفتر میں منعقدہ اس رابطہ اجلاس میں لا اینڈ آرڈر ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش ایم بھاگوت، محکمہ سیاحت کے ایم ڈی وی کرانتی، فلم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی ایم ڈی سی ایچ پریانکا، حیدرآباد ایڈیشنل کمشنر آف پولیس وکرم سنگھ مان، ملٹی زون-II آئی جی پی تفسیر اقبال، سائبرآباد جوائنٹ کمشنر آف پولیس گج راؤ بھوپال، راچکنڈہ ڈی سی پی اندیرا، اے آئی جی رمانا کمار اور دیگر سینئر عہدیدار شریک تھے۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































