حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے منگل کے روز ریاستی حکومت کو حالیہ Food Poisoning واقعہ پر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی، جو ضلع ناگرکرنول کے ایک سرکاری گروکل میں پیش آیا، جہاں 100 سے زائد طلبہ مبینہ طور پر بیمار ہوگئے۔
چیف جسٹس آپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بینچ نے یہ حکم 2023 میں دائر ایک عوامی مفاد کی عرضداشت کی سماعت کے دوران جاری کیا، جو مختلف سرکاری محکموں کے تحت چلنے والے گروکل اداروں میں بار بار پیش آنے والے فوڈ پوائزننگ کے واقعات سے متعلق ہے۔ عدالت نے اس سے قبل نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چلڈرن رائٹس (2018) کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا تھا تاکہ طلبہ کو صاف اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جا سکے۔
وکیل چِکّوڈو پربھاکر نے عدالت کو بتایا کہ اُویالواڑہ، ضلع ناگرکرنول میں مہاتما جیوتھی با پھولے گروکل اسکول کے 111 طلبہ آلودہ کھانا کھانے کے بعد بیمار پڑ گئے۔ انہوں نے فوری اصلاحی اقدامات اور ذمہ داری طے کرنے کے لیے احکامات جاری کرنے کی اپیل کی۔
دلائل سننے کے بعد بینچ نے ریاستی حکومت سے واقعے کی مکمل تفصیل اور اس کے بعد کیے گئے اقدامات کی رپورٹ طلب کی۔ مزید سماعت کے لیے معاملہ 3 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































