حیدرآباد: انڈین میٹیرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے تلنگانہ کے کئی اضلاع کے لیے Heavy Rain Alertsجاری کرتے ہوئے عوام کو خراب موسم کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پیلے انتباہ سابق عادل آباد، کھمم، ورنگل اور جگتیال اضلاع کے لیے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال کے وسط مغربی حصے میں کم دباؤ کا نظام بننے کا امکان ہے، جس کے باعث بدھ 13 اگست سے کم از کم چار دن تک ریاست میں وسیع پیمانے پر شدید سے نہایت شدید بارش ہوگی۔ ہنُمکنڈہ، ورنگل، محبوب آباد، عادل آباد اور کومرم بھیم آصف آباد اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی نمایاں بارش کا امکان ہے۔ ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کے لیے ایمرجنسی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے سے ریاست کے کئی جنوبی اضلاع میں شدید بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی دیکھی گئی ہے۔ پیر کے روز نلگنڈہ ضلع کے گُرمپوڈ منڈل میں سب سے زیادہ 6.6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سنگاریڈی، وِقارآباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، جنگاؤں، ورنگل، کریم نگر اور نرمل اضلاع میں بھی معتدل بارش ہوئی۔
حیدرآباد میں بھی پیر کی شام شدید بارش ہوئی جس سے کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور ٹریفک میں بڑی رکاوٹ پیدا ہوئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔












































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































