حیدرآباد: Telangana High Courtمیں حالیہ مہینوں کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے وکلا کی اچانک اموات نے قانونی برادری کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، خاص طور پر کورٹ ہال نمبر 21 میں پیش آنے والے واقعات نے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ اب تک 4 وکلا جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک وکیل فوری طبی امداد ملنے کے بعد بچ گئے۔
وکلا کے مطابق یہ واقعات بغیر کسی ظاہری علامت کے پیش آئے۔ متاثرہ وکلا دلائل دے رہے تھے، معمول کے مطابق بات چیت کر رہے تھے اور اچانک گر پڑے۔ اس غیر متوقع تسلسل نے کورٹ ہال نمبر 21 کو المیے سے جوڑ دیا ہے۔
7 اگست کو دوپہر تقریباً 2:20 بجے، 47 سالہ وکیل پارس آننتھ ناگیشور راؤ کورٹ ہال نمبر 21 میں بیٹھے تھے جب وہ اچانک گر پڑے۔ انہیں عثمانیہ اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ اس سے قبل 18 فروری کو سینئر وکیل پُسُنورو وینوگوپالا راؤ دلائل کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔ ساتھی وکلا نے سی پی آر دینے اور ایمبولینس طلب کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے۔
دیگر حالیہ واقعات میں بی وینکٹا رامنا اور گووردھن ریڈی بھی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے، جبکہ این کے وی نامی ایک وکیل فوری طبی امداد کے بعد زندگی کی بازی جیت گئے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ بروقت طبی امداد ملتی تو کچھ جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
وکلا نے ہائی کورٹ ڈسپنسری کے عملے میں سی پی آر اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت نہ ہونے کو ان اموات کا بڑا سبب قرار دیا ہے اور اس صورتحال کو سنگین غفلت اور تیاری کی کمی سے تعبیر کیا ہے۔
قانونی ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی کورٹ انتظامیہ اور بار ایسوسی ایشن فوری طور پر کورٹ ہال نمبر 21 کے قریب ایمرجنسی میڈیکل سروس فراہم کریں، تربیت یافتہ عملہ تعینات کریں اور ایک مستقل ایمبولینس موقع پر موجود رکھی جائے تاکہ وکلا کی صحت کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































